بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ میڈیا کی کردار کشی پر یقین نہ کریں اور پیپلز پارٹی پر “بھونکنے” والوں کی باتوں پر نہ چلیں۔
انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کراچی میں سانحہ کارساز کی 14ویں برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ سب کو نظر آ رہا ہے کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ حکومت بنانے کے بعد پہلے دن سے ہم تنخواہ اور پنشنز میں اضافہ کریں گے جبکہ پہلے دن سے اس ملک کے نوجوان کو روزگار دلوانا بھی شروع کردیں گے۔
آپ “میڈیا” کی کردار کشی پر یقین نہ کریں پاکستان پیپلز پارٹی پر “بھونکنے” والوں کی باتوں پر نہ چلیں- بلاول بھٹو زرداری pic.twitter.com/m0mt4aLroe
— Shama Junejo (@ShamaJunejo) October 17, 2021
پی پی پی چیئرمین نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، شہرِ کراچی سے بھی نجانے کتنے وعدے کیے تھے، لیکن ہر وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا، ہر بات پر یوٹرن لیا گیا۔ آج کراچی کے عوام عمران خان سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں گئے؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو اس کا یہ مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ اس وقت بجلی، گیس، پیٹرول بے انتہا مہنگا ہے۔ جینا مہنگا اور مرنا بھی مہنگا ہے، یہ ہے خان صاحب کا نیا پاکستان، یہ عمران خان کی تبدیلی نہیں تباہی ہے، خان صاحب نے ہماری معیشت کی تباہی کا بندوبست کیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کا نعرہ نہیں بلکہ تاریخ ہے کہ جب ہم حکومت میں آتے ہیں، تو ہم اس ملک کے نوجوانوں کو روزگار دلواتے ہیں۔ ہم یہ وعدہ نہیں کر سکتے کہ سارے معاشی حالات ایک دن میں صحیح ہوں گے، لیکن یہ وعدہ ضرور کر سکتے ہیں کہ جب ہماری حکومت ہو گی تو عوام دوست اور غریب دوست حکومت ہو گی۔ اگر ہمارے عوام مہنگائی میں ڈوب رہے ہیں تو ہم اپنے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ہم ایسے موقع پر روزگار چھینیں گے نہیں، بلکہ عوام کو روزگار دلوائیں گے، ہم چھت نہیں گرائیں گے بلکہ مکان بنائیں گے، ہم غریب کو نہیں غربت کو مٹائیں گے۔
"میں مزارِقائد پر کھڑے ہوکر قائد اعظم سے وعدہ کرتا ہوں کہ قائداعظم اور قائد عوام کا دیا ہوا اسلامی جمہوری وفاقی نظام اور بی بی شہید کی عوام اور غریب دوست جیسی حکومت بناؤں گا۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری@BBhuttoZardari#SalamShuhadaeKarsaz
3/3 pic.twitter.com/hHU8vlMk3B— PPP (@MediaCellPPP) October 17, 2021
انہوں نے زور دیا کہ عوام کو اب اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے ہیں، ہم کسی اور کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اس ملک کی قیادت کا فیصلہ کرے، وہ اس ملک کے وزیراعظم کا فیصلہ کرے کیونکہ اگر فیصلہ ہونا ہے تو وہ اس ملک کے عوام نے کرنا ہے۔ عوام کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ میڈیا کی کردار کشی پر توجہ نہ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم میڈیا، سوشل میڈیا اور اداروں کو اپنی ٹائیگر فورس بنانا چاہتا ہے۔ ہم انھیں اجازت نہیں دیں گے کہ ملک میں تباہی پر کوئی آپ سے پوچھنے والا نہ ہو۔ میں عمران خان کو متنبہ کرتا ہوں کہ آپ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ جیالوں کے احتجاج کامیاب رہے ہیں۔ اب تمام ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔
