الیکشن کمیشن آف پاکستان غیر پارلیمانی اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزامات پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کیخلاف کیس کی سماعت کل کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے الزامات لگانے کے معاملے پر وزیر ریلوے اعظم سواتی کو ذاتی حیثیت میں 21 اکتوبر طلب کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں انھیں طلبی کا نوٹس بھی بھجوایا جا چکا ہے۔
وفاقی وزیر کی طلبی کے حوالے سے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر الزامات کی وضاحت کریں۔
یہ نوٹس چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق الیکشن کمیشن باضابطہ سماعت میں اعظم سواتی سے وضاحت مانگے گا۔
الئکشن کمیشن کے خلاف غیر پارلیمانی اور نازیباں زبان ،اور الزامات ، الیکشن کمیشن کل اعظم سواتی کیس کی سماعت کرے گا pic.twitter.com/dTSrkI5DUO
— Nausheen Yusuf (@nausheenyusuf) October 20, 2021
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر پیسے لینے اور غیر شفاف انتخابات کروانے کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے ادارے کو آگ لگا دینی چاہیے۔
الیکشن کمیشن کمیشن نے اعظم سواتی کے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ الزامات نہ لگائیں بلکہ ثبوت بھی پیش کریں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی ایک پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن کا ‘آلہ کار’ اور ‘ترجمان’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اگر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو میں انھیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ اپنا منصب چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔
