گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہےکہ روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل سب کے سامنے آئے گی اور کوئی ایسی ڈیل نہیں کی جائےگی جس سے ملکی معیشت کو مزید نقصان ہو۔
The State Bank of Pakistan Governor says in Manchester that the rise of dollar against Pakistani Rupee is helpful for overseas Pakistanis, good news for them as exchange rate is good for some (overseas) and bad for some (Pakistanis) pic.twitter.com/1KEureigAx
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) October 20, 2021
ڈالر اور روپے کی قدر سے متعلق رضا باقر نے کہا کہ روپے کی قدر گرنے سے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ پہنچا ہے، اس فائدے کو بھی مد نظر رکھا جائےکہ کتنے لوگ مستفید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایف اےٹی ایف کی 27 میں سے 26 شرائط پوری کردیں لہٰذا پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائےگا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان دیگر ممالک سے بھی سی پیک طرز کے معاہدے کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے مالی سال جی ڈی پی گروتھ تقریباً 4 فیصد رہی اور 4 فیصد رئیل جی ڈی پی کا مطلب ہےکہ مہنگائی کے مقابلے میں عوام کی آمدنی میں بھی 4 فیصد اضافہ ہوا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے اس پر جلد قابو پالیں گے، برآمدی چیزیں خریدنے والوں کو زیادہ مہنگائی محسوس ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پرہیں۔
