کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام اور سرینگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد کل سے اب تک شہید نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
بھارتی فوجی ضلع کلگام میں آج صبح گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے اور اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا جب کہ سرینگر میں جعلی پولیس مقابلے میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا گیا۔
نوجوانوں کی شہادت کے بعد سری نگر اور دیگر علاقو ں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، علاقے میں احتجاجی مظاہروں کا سد باب کرنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس کومعطل کر دیا گیا ہے۔
