English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے راجیہ سبھا کے اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاج

القمر

ہندوستان کے پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے راجیہ سبھا کے بارہ اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا سلسلہ جاری ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلسل تیسرے دن ایوان بالاراجیہ سبھا کے بارہ ممبران کی معطلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں دھرنا دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ارکان پارلیمان میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمان راہل گاندھی، ادھیر رنجن چودھری اور ملک ارجن کھڑگے، ترنمول کانگریس کی ڈولا سین اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران موجود تھے۔دوسری طرف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی حزب اختلاف کے اراکین نے بارہ اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔ رپورٹوں کے مطابق ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگاموں کے سبب کارروائی کئی بار معطل کی گئی۔ کم و بیش یہی صورتحال ایوان زیریں لوک سبھا میں بھی رہی۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارروائی ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن کے اراکین پارلیمان پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے میں شامل ہوگئے۔یاد رہے کہ راجیہ سبھا کے بارہ معطل اراکین نے اعلان کررکھا ہے کہ جب تک ان کی معطلی ختم نہیں کی جاتی وہ سرمائی اجلاس کے دوران ہر روز دس بجے سے شام چھے تک دھرنے پر بیٹھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے