English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیر پر بھارتی قبضہ جدید دور کی نوآبادیات کا بدترین مظہر ہے: منیر اکرم

القمر

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں اس وقت تک پائیدارامن قائم نہیں ہوگا جب تک فلسطین اور کشمیر کے عوام غیرملکی قبضے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہیں گے۔

پی پی آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ظلم و جبراور ناانصافیوں کے خاتمہ اوردہشت گردی کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ منیراکرم کا کہنا تھا کہ استعمار کا خاتمہ اقوام متحدہ کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے، کشمیر پر بھارتی قبضہ جدید دور کی نوآبادیات کا بدترین مظہر ہے، یواین چارٹر کے پہلے آرٹیکل میں حق خودارادیت کی اہمیت تسلیم شدہ ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ محکومیت، تسلط اور استحصال کے تابع کرنا یواین چارٹر کے خلاف ہے، کشمیر میں3.4ملین سے زائد جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے، مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضہ نسل کشی کے مترادف ہے۔ منیراکرم نے مطالبہ کیا کہ ڈی کالونائزیشن پرعمل درآمد کیا جائے، 1946کے بعد سے80سابقہ کالونیوں نے آزادی حاصل کی، فلسطین اور جموں وکشمیر کے لوگ اب بھی حق خودارادیت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دہائیوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اضافہ کی بڑی وجہ فلسطینیوں، کشمیریوں اور دیگر مقبوضہ مسلم آبادیوں پر ظلم و جبرہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی، اسرائیلی تنازعہ کا واحد حل دو ریاستی حل ہے جس میں ایک خود مختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارلحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی کارروائیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

The post کشمیر پر بھارتی قبضہ جدید دور کی نوآبادیات کا بدترین مظہر ہے: منیر اکرم first appeared on Daily Jasarat News.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے