English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

افغانستان کو شدید انسانی بحران کا سامنا ،بنیادی انسانی حقوق کو خطرہ لاحق ہے،اقوام متحدہ

القمر

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے عوام کو ایک گہرے انسانی بحران کا سامنا ہے جس سے بنیادی انسانی حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایک اپ ڈیٹ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ڈپٹی ہائی کمشنرندا الناشف نے کہا کہ جنگ زدہ ملک میں پابندیوں کے اثرات اور ریاستی اثاثے منجمد کرنے کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بینکنگ سسٹم کے خاتمے اور لیکوڈیٹی کے شدید بحران نے معاشی زندگی کو بڑی حد تک مفلوج کردیا ہے ، موسم سرما کی آمد کے ساتھ خواتین، مردوں اور بچوں کو شدید غربت اور بھوک کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کونسل کو بتایا کہ اگست میں طالبان کے قبضے سے پہلے ہی اس سال ریکارڈ پر سب سے زیادہ شہری ہلاکتیں دیکھنے کو مل چکی ہیں جن میں نصف کے قریب خواتین اور بچے ہیں۔ عالمی ادارے کے عہدیدار نے کہاکہ افغانستان کے شہری تنازعات کے خطرے سے دوچار ہیں کیونکہ اب بھی داعش خراسان اور دیگر مسلح گروہوں کی جانب سے مہلک حملے کیے جا رہے ہیں، موجودہ صورتحال میں شہریوں کو انسانی حقوق کے حوالے سے بہت کم تحفظ حاصل ہے بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم، معاش اور شرکت کے حقوق کے حوالے سے بڑی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 4.2 ملین افغان بچوں میں سے 60 فیصد لڑکیاں پہلے سے ہی سکول سے باہر ہیں اور اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مزید 8.8 ملین بچے تعلیم سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے افغان ججوں، پراسیکیوٹرز اور وکلا کے تحفظ پر بھی زور دیا۔

The post افغانستان کو شدید انسانی بحران کا سامنا ،بنیادی انسانی حقوق کو خطرہ لاحق ہے،اقوام متحدہ first appeared on Daily Jasarat News.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے