جدہ :سعودی عرب کی جانب سے افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امدادی سامان سے بھرے دو طیارے بھیجے گئے ہیں، یہ امداد پاکستان کے ذریعے ٹرکوں میں افغانستان پہنچائی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ’ کنگ سلمان ہیومنیٹیرئن امداد اور ریلیف سینٹر کی جانب سے 65 ٹن تک کا امدادی سامان بھیجا گیا ہے، جس میں ایک ہزار چھ سو سینتالیس کھانے کی ٹوکریاں شامل ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد ریاض حکومت کی طرف سے امداد بھیجنے کا یہ پہلا موقع ہے، اس امدادی تنظیم کے سربراہ عبداللہ الربیع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے فضائی امدادی پروگرام کے تحت کل چھ طیاروں کے ذریعے افغانستان کو 197 ٹن تک کا امدادی سامان فراہم کیا جائے گا۔
یہ امدادی سامان دو سو ٹرکوں میں ہمسایہ ملک پاکستان سے زمینی راستے کے ذریعے افغانستان تک پہنچایا جائے گا۔خلیجی عرب ممالک نے رواں ہفتے منگل کے روز ریاض میں منعقدہ گلف کوآپریشن کونسل کے سربراہی اجلاس کے دوران ”افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے اور ان کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو متحرک کرنے میں کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان کی 38 ملین آبادی میں سے نصف سے زیادہ حصے کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ موسم سرما کے دوران لاکھوں افراد نقل مکانی یا پھر فاقہ کشی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
The post سعودی عرب نے انسانی ہمدردی کے تحت امدادی سامان افغانستان بھیج دیا first appeared on Daily Jasarat News.
