اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل ہوگئے، پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز فہیم خان اور عطااللہ نیازی سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ ہاؤس پہنچے اور ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے ہوئے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے، پی ٹی آئی کے ایم این اے فہیم خان اور عطااللہ نیازی کی قیادت میں کارکن سندھ ہاؤس کے قریب احتجاج کر رہےتھے۔
بعد ازاں، سندھ ہاؤس اسلام آباد میں دروازہ توڑ کر داخل ہونے والے کارکنان گرفتار کر لیے گئے، اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز فہیم خان اور عطااللہ نیازی کو بھی گرفتار کر لیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے اراکین قومی اسمبلی اور کارکنوں کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا گیا ہے۔
مظاہرین وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور منحرف اراکین قومی اسمبلی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا اور پارٹی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔
PTI attacks Sindh House. Ministers threats and govt’s targeting of the Sindh House has now resulted in this insane violence. pic.twitter.com/nTNCgWrMZj
— Syed Talat Hussain (@TalatHussain12) March 18, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 منحرف ارکان جو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں میڈیا کے سامنے آگئے تھے جہاں راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔
ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے رکن اسبملی نور عالم خان اور باسط بخاری سمیت دیگر کئی اراکین کو بھی دیکھایا گیا تھا جو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں اور واضح اشارہ دے رہے تھے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف پیش ہونے والی تحریک عدم اعتماد پر کس کو ووٹ دیں گے۔
اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں لوٹے اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے منحرف اراکین کے خلاف اور اور اعظم عمران خان نے حق میں نعرے لگائے۔
اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے قریب احتجاج کے دوران پولیس افسران اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کردیا.
پی ٹی آئی قیادت نے اپنے کارکنوں کو اشتعال دلایا، شیری رحمٰن
سندھ ہاؤس میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے داخلے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو اشتعال دلایا جس کے باعث کارکن اس طرح کی غنڈہ گردی کی حرکتیں کر رہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہوچکا، منحرف اراکین اس لیے اپنے فیصلے کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اب پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں جیت سکتے،
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون نافذ کرنا حکومت کی ذمےداری ہوتی ہے، یہ حکومت اپنی بنیادی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
لاہور میں وجیہہ اکرم کے گھر کے باہر انصاف یوتھ ونگ کے کارکنان کا لوٹوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ
جو اپنے طور پر کونسلر نہیں بن سکتی تھی اسے تحریک انصاف نے عزت دے کر مخصوص نشست پر MNA اور پارلیمانی سیکرٹری بنایا
پی ٹی آئی کی سیٹ سے استعفی دے کر جہاں مرضی جائیں ہمیں کوئی سروکار نہیں pic.twitter.com/V7A2NUrQhv
— Azhar Mashwani (@MashwaniAzhar) March 18, 2022
حملے جاری رہے تو جواب دینے پر مجبور ہونگے، شرجیل میمن
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن و دیگر رہنماؤں کا سندھ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حملے جاری رہے تو پھر ہم بھی جواب دینے پر مجبور ہونگے اور بنی گالا و وزیراعظم ہائوس ہم نے دیکھے ہوئے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس پرحملہ صوبےپرحملہ سمجھتے ہیں، اسلام آباد کے ریڈ زون میں دہشت گردی کامظاہرہ کیاگیا، اپیل کرتے ہیں کہ دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے، ورنہ ہم بھی جواب دینے پر مجبور ہوجائیں گے.
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم بھی اپنے ورکرز جمع کرسکتے تھے لیکن ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا، حملے میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز بھی موجود تھے، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم بھی ایسی کارروائی کریں۔
آج اگر سندھ پولیس موجود نہ ہوتی تو آپکو سندھ ہاوس میں موجود پارلیمنٹرین کی لاشیں نظر آتی، انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس سب غنڈہ گردی پیچھے وزیر داخلہ شیخ رشید ہے، ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔
بچی کچھی عزت بچا کر گھر جائیں، مریم نواز
پی ٹی آئی کارکنوں کے سندھ ہاؤس میں داخلے پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت تو نہیں بچا سکتے انشاءاللّہ، اگر کوئی بچی کچھی عزت ہے تو وہی بچا کر گھر چلے جائیں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم نواز کا موجودہ حکمرانوں کو مخاطب کرکے کہنا تھا کہ آپ ایک منتخب حکومت نہیں کہ ڈٹ جائیں، اس لیے حکمرانوں کے پاس اب غنڈہ گردی کا ہی آپشن رہ گیا ہے، لیکن غندہ گردی کا اقدام ہمیشہ الٹا ہی پڑتا ہے۔
پی ٹی آئی کا لاہور میں احتجاج
دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا، پارٹی کارکنوں نے لوٹے اٹھا کر خاتون رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر گجر کے گھر کا گھیراؤ کرتے ہوئے ان سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے مظاہرے کے دوران رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر گجر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹ عمران خان کی امانت ہے، واپس دی جائے۔
آپ کا جو ایک ووٹ ہے یہ عوام کے لاکھوں ووٹوں کی بدولت ہے اور عمران خان کی امانت ہے۔ لحاظہ ووٹر نے استعفی کا جائز مطالبہ کیا ہے pic.twitter.com/CCXfbxl2Vs
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) March 18, 2022
لاہور میں وجیہہ اکرم کے گھر کے باہر انصاف یوتھ ونگ کے کارکنان کا لوٹوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو اپنے طور پر کونسلر نہیں بن سکتی تھی انہیں تحریک انصاف نے عزت دے کر مخصوص نشست پر ایم این اے بنایا اور پارلیمانی سیکرٹری بنایا، وجیہہ اکرم پی ٹی آئی کی سیٹ سے استعفی دے کر جہاں مرضی جائیں ہمیں کوئی سروکار نہیں۔
فیصل آباد میں احتجاج
دوسری جانب فیصل آباد میں جہانگیر ترین گروپ میں شامل راجا ریاض کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کے دوران راجا ریاض سمیت دیگر منحرف اراکین کے خلاف ہاتھوں میں لوٹے اٹھاکر احتجاج کیا اور سخت نعرے باری کی۔
فیصل آباد میں راجا ریاض کے خلاف احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فرخ حبیب کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ آپ کا جو ایک ووٹ ہے یہ عوام کے لاکھوں ووٹوں کی بدولت ہے اور عمران خان کی امانت ہے، لہذا ووٹرز کی جانب سے استعفی کا مطالبہ جائز ہے۔
پشاور میں احتجاج
نور عالم کے خلاف احتجاج#ضمیر_فروشوں_کو_نا_اہل_کروpic.twitter.com/GjsCACSX1s
— PTI (@PTIofficial) March 18, 2022
