94 آسکر ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان گزشتہ روز لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہوا۔
آسکر ایوارڈ کی یہ تقریب فروری کے آخری اورمارچ کے آغاز میں منعقد ہونا تھی لیکن کورونا کے باعث اسے مارچ کے اختتام پر منعقد کیا گیا جس میں میزبانی کے فرائض کا میڈین وانڈا سائیکس اور ایمی شومرسمیت ہالی وڈ اداکارہ ریجینا ہال نے سر انجام دیے۔
تقریب میں ول اسمتھ کو فلم کنگ رچرڈ میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ جیسیکا چیسشیئن بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرنے میں کامیاب رہیں، جیسیکا چیسشیئن کو فلم دی آئیز آف ٹیمی فیک میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ فلم کوڈا میں اداکاری کرنے والے اداکار ٹرائے کاٹسر ن اوربہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم ویسٹ سائیڈ اسٹوری آریانا ڈیبوس کو دیا گیا۔
بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ قوت سماعت سےمحروم خاندان میں قوت سماعت رکھنے والے والی واحد لڑکی روبی کی کہانی پر بننے والی کوڈا نے جیتا جب کہ انکانٹو بہترین اینی میٹڈ فلم قرار پائی۔
بہترین ڈائریکٹر کا آسکر ایوارڈ فلم دی پاور آف دی ڈاگ کی ہدایتکاری پر جین کیمپیئن کو دیا گیا
آسکر کی تقریب میں اداکار ول اسمتھ نے بیوی کا مذاق اڑانے پر اداکار کرس راک کو زوردار تھپڑ جڑ دیا۔
خبر کے مطابق، آسکر 2022 کی تقریب جاری تھی جس میں مزاحیہ اداکار کرس راک میزبانی کرتے ہوئے طنز و مزاح کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ول اسمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکیٹ اسمتھ کے سر کے بال گرنے کا مذاق اڑایا تو اسٹیج سے نیچے بیٹھے ول اسمتھ غصے میں آگئے۔
بہترین اداکارکا ایوارڈ جیتنے والے ول اسمتھ اپنی نشست سے اٹھے اور آرام سے چلتے ہوئے کرس راک کے پاس گئے، جو انہیں غیر یقینی سے دیکھ رہے تھے۔ کرس کے پاس پہنچ کر اچانک ول اسمتھ نے زناٹے دار تھپڑ کرس کے منہ پر جڑا اور پھر آرام سے چلتے ہوئے اپنی نشست پر واپس آکر بیٹھ گئے۔
ول اسمتھ کی اس حرکت پر ان کی اہلیہ سمیت وہاں موجود سب لوگ ششدر رہ گئے اور ہال میں خاموشی چھاگئی جبکہ کرس راک کا چہرہ اتر گیا تاہم، وہ تھپڑ کھانے کے باوجود اپنی جگتوں سے باز نہ آئے اور کھسیانی انداز میں اپنے مذاق کو جاری رکھنے کی کوشش کی۔ تو اپنی نشست پر واپس بیٹھنے کے بعد ول اسمتھ نے کرس راک کو گالیاں دیتے ہوئے کہا کہ اپنا منہ بند رکھو۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور صارفین نے ملے جلے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔
زیادہ تر صارفین نے ول اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں بعض شائقین نے اس واقعے کو سوچی سمجھی حرکت بھی قرار دیا۔
واضح رہے کہ ول کی اہلیہ جیڈا بال جھڑ کی بیماری کا شکار ہیں۔