وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر افغانستان سے متعلق ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود ہیں۔
بین الاقوامی ایئرپورٹ ہوانگ شن پہنچنے پر چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق اور چینی وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ اپنے 3 روزہ دورے میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے کلیدی خطاب میں افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے اور ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دیں گے۔
چین میں منعقدہ افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ چین، روس، ایران اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کے ضمن میں انتہائی معاون ثابت ہو گا۔
وزیر خارجہ کا ویڈیو پیغام
قبل ازیں ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ چین میں کئی اہم اجلاس ہیں، پاکستان کے انیشی ایٹو ’پلیٹ فارم آف نیبرز‘ کہ جس میں افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک شامل ہیں، اس کا تیسرا اجلاس بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ پلیٹ فارم کے تحت اجلاس میں چین، پاکستان، ایران، افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے، وہاں کے امن و استحکام، معاشی ترقی، مواصلات کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوگا اور مجھے امید ہے کہ یہ گفتگو سیر حاصل رہے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ پر مشتمل سہ فریقی اجلاس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
Foreign Minister @SMQureshiPTI said, regional issues, peace stability would be discussed during China’s visit. Issues related to economic security of the region, bilateral relations Afghanistan would also be reviewed.#APPNews @ForeignOfficePk pic.twitter.com/5f4FHblvaE
— APP 🇵🇰 (@appcsocialmedia) March 29, 2022
