حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد ہم سب کا شہر ہے اور ہم سب کو مل کر ذمے داری کے ساتھ اس کے لیے کام کرنا ہے جن حکومتی اداروں کے لوگ کام یا عوام کے ساتھ تعاون نہیں کرتے ان کے لیے جزا و سزا کا نظام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ارکان اور اداروں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی تاکہ تاجروں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیںکیونکہ تاجر ٹیکس دیتے ہیں اور حکومت کا فرض ہے کہ ان کی شکایت کا ازالہ کیا جائے۔ اس سے قبل صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے اپنے استقبالیہ میں کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، شہری اور تاجر خوف و ہراس کا شکار ہیں، سیوریج کا نظام، صنعتی زون کی زبوں حالی، تجاوزات کی بھرمار، بے لگام حیسکو انتظامیہ، تفریح کے مقامات کی کمی اور ٹریفک جام جیسے مسائل بے تحاشہ ہیں اس صورتحال میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے ان سب کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی حیدرآباد، اے ڈی سی، حیسکو چیف، ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ، حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ارکان اور حیدرآباد کے منتخب نمائندے شامل ہوں اور ہر 15 دن میں کمیٹی کا اجلاس منعقدہوجس میں حیدرآباد کے مسائل پر بات چیت ہوسکے اور کمیٹی میں شامل تمام ادارے اپنی کارکردگی پیش کرسکیں۔ سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، محمد فاروق شیخانی، آباد سے کاشف شیخ، سائٹ سے شاہد کے کے، چودھری محمد اسلم، سکندر علی راجپوت و دیگر نے بھی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سے تفصیلی سوالات کیے، آخر میں سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نائب صدر مسرور اقبال، سابق صدر محمد اکرم انصاری، اراکین مجلس عاملہ محمد عارف میمن، محمد نعیم شیخ، شیخ احمد حسین، وشنو مل، صدر دال ملز اونر ایسوسی ایشن صلاح الدین قریشی، صدر عظیم الشان کلاتھ مارکیٹ اسلم ایوب، صدر الیکٹرونکس مارکیٹ سہیل قریشی کے علاوہ کنوینر سب کمیٹیز اور ایک بڑی تعداد اراکین کی موجود تھی۔
