English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان ڈکٹیشن اپنے گھر میں دیں، الیکشن کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، وزیر اعظم

القمر
اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جتھے کے سربراہ عمران خان بھول میں نہ رہنا، اگر تم سمجھتے ہو کہ بلیک میل کرلو گے تو اپنے گھر میں ڈکٹیشن دینا اس ایوان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتے،الیکشن کافیصلہ پارلیمنٹ کرے گی ۔ قومی اسمبلی میں خطاب میں انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس اور وزیر اعلیٰ مسلح جتھوں کے ساتھ آئے یہ کہیں دنیا میں نہیں ہوتا، ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوا، میں نہ مانوں اور پھر بندوق اٹھالوں، سیاست دان ایسا نہیں کرتے، جو اسلحہ لاہور میں پکڑا گیا وہ اسلام آباد لایا جارہاتھا۔شہباز شریف کا کہناتھاکہ جتھے اسلام آباد لانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے تھی، کھلے عام کہا گیا ہر طور ڈی چوک پہنچوں گا، کیا ہمیں فتنے کا راستہ روکنا ہے یا ملک کو تباہ ہوتے دیکھنا ہے؟ آصف زرداری، فضل الرحمن اور دیگر اتحادیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مسائل کو حل کریں، اس حکومت کی میعاد ایک سال 2مہینے ہے، مشکلات ہیں، چیلنجز ہیں لیکن ہم ان کے حل کے لیے پرعزم ہیں، ہم پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے جان لڑا دیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بات چیت اعلیٰ ظرفی کا اظہار اور سیاست دانوں کا اعلیٰ ہتھیار ہے، بات چیت کے لیے دروازے کھلے ہیں، میں کمیٹی بھی بنا سکتا ہوں۔انہوں نے زور دیا کہ ہم نے الیکشن کب کرانے ہیں اس کا فیصلہ ایوان اور مخلوط حکومت کرے گی، ایک سال دو ماہ ابھی حکومت کی مدت رہتی ہے، عمران خان سے بات چیت کے لیے دروازے کھلے ہیں اور کمیٹی بناسکتا ہوں لیکن کسی بھول میں نہ رہنا ، تم یہ نہ سمجھو کہ ہمیں ڈکٹیشن دے لو گے، یہ ڈکٹیشن اپنے گھر میں دو، ہم مرعوب نہیں ہوں گے۔شہباز شریف نے اس موقع پر یہ معنی خیز شعر بھی پڑھا۔ ظلم بچے جن رہا ہے عدل کو بھی صاحب اولاد ہونا چاہیے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے