میرپورخاص (نمائندہ جسارت) فارمرز آرگنائزیشن کونسل سندھ کے چیئرمین و مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما تعلقہ سندھڑی سے ضلع کونسل کے بنا مقابلے ممبر منتخب ہو گئے مخالف پیپلز پارٹی کے امیدوار کا نامزدگی فارم کم عمری کی وجہ سے رد، مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر ، میں علاقے کی عوام کی خدمت جا ری رکھوں گا ان کے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے حقوق کی آواز بلند کروں گا ، نومنتخب رکن ضلع کونسل ۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپورخاص ضلع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کی جانب سے انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچی ہوئی ہیں تعلقہ سندھڑی کی یونین کونسل نمبر 6ڈھاراڑو پر فارمرز آرگنائزیشن کونسل سندھ کے چیئرمین و مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما جاوید جونیجو ضلع کونسل میرپورخاص کا بنا مقابلے ممبر منتخب ہو گئے ہیں ان کے مد مقابل نامزدگی فارم بھر نے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی مدد کا فارم ریٹرننگ آفیسر ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے اپنے ایک لیٹر نمبرOIR/EC/UNIT/MPS,2022کے تحت لوکل گورنمنٹ الیکشن ایکٹ2013 کے سیکشن 35ون بی کے تحت امیدوار کی عمر اکیس سال پوری نہ ہونے کی وجہ سے ان کا فارم رد کر دیا ہے مخالف امیدوار کا فارم رد ہونے کے بعد جاوید جونیجو کے بلا مقابلے کامیاب ہونے پر علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے ۔جاوید جونیجو کی کامیابی پر آبادگاروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے خوشی میں ریلیاں نکالی گئیں اور مٹھائی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر بلا مقابلے کامیاب ہونے والے ضلع کونسل کے ممبر جاوید جونیجو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے بھی علاقے کے لوگوں کی خدمت کررہا تھا اوراب کامیاب ہونے کے بعد پہلے سے زیادہ خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کے لوگوں کا زیادہ تر دارومدار زراعت پر ہے اور آباد گاروں کا زراعت کے ساتھ ساتھ پانی کا ہے جسے حل کرانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی اور ان کے حقوق کے لیے ضلع کونسل میں آواز بلند کی جائے گی۔
