English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہوگئی،الطاف میمن

القمر

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 30 روپے کا اضافہ کر دیا اور مزید قرض لینے کے لیے حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ اچانک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر میں افراتفری پھیل گئی اور اشیاء خورونوش کی قیمتیں عام عوام کی پہنچ سے بہت دور ہوگئیں ہیں۔ اس کیساتھ تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے مصنوعات کی تیاری میں لاگت بہت زیادہ بڑھ گئی جس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عوام کو 28 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان بھی صرف زبانی وعدوں پر مبنی ہے کیونکہ جب حکومت کے پاس معیشت چلانے کے پیسے ہی نہیں ہیں تو سبسڈی کہاں سے دیں گے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ 2014 میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں 110 ڈالر فی بیرل تھی لیکن پاکستان میں اتنی افراتفری نہیں تھی کیونکہ پاکستانی روپیہ مستحکم تھا۔ الطاف میمن نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر صنعت و تجارت سید نوید قمر سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخ بڑھانے کی بجائے پاکستانی روپے کو مستحکم کرنے اور ڈالر کی اونچی پرواز کو قابو کرنے کے اقدامات کیے جائیں کیونکہ اِس کے بغیر کوئی بہتر آپشن نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے