کراچی: پاکستان کے معروف نجی تعلیمی ادارے نے ملک میں پہلی نیورو لیبارٹری قائم کردی، جس سے انسانی رویوں کو سمجھ کر فیصلہ سازی کرنے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیکنالوجی کی مدد سے انسانی رویوں کو سمجھ کر فیصلہ سازی پر اثر انداز ہونیو الے عوامل پر تحقیق شروع کردی گئی۔ انسانی دماغ کو پڑھ کر رویوں میں تبدیلی لانے والی ٹیکنالوجی سیاست، تعلیم، صحت اور تجارت کے شعبہ کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دے گی۔
ملک کے معروف تعلیمی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن آئی بی اے میں ملک کی پہلی نیورو مارکیٹنگ لیبارٹری قائم کردی ہے جہاں حساس اور جدید سینسرز پر مشتمل ڈیجیٹل آلات کے ذریعے انسان کے لاشعور پر کسی صوتی و بصری پیغام سے پڑنے والے فوری اثرات کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔لیبارٹری میں دماغ کی لہروں کو پڑھنے والے ای ای جی سینسرز، آنکھ کی حرکت سے انسانی سوچ کو سمجھنے والے آئی ٹریکنگ سینسرز، انسانی جلد کے ذریعے کسی پیغام یا منظر کے انسانی دماغ پر پڑنے والے اثرات کو پڑھنے والے جی ایس آر سینسرز اور فیشل ایکشن کوڈنگ کے طریقوں کو ملاکر انسانی فیصلہ سازی پر اثر انداز ہونے والے عوامل کا سائنسی بنیادوں پر کھوج لگایا جائے گا۔
نیورو مارکیٹنگ لیب کی بنیاد رکھنے والے آئی بی اے کے پروفیسر ڈاکٹر واجد حسین رضوی نے بتایا کہ دنیا بھر میں انسانی لاشعور پر صوتی و بصری پیغامات کے فوری اثرات کا مطالعہ جاری ہے، اس حوالے سے پاکستان بھی ان ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جہاں انسانی رویوں کو سمجھنے کی ٹیکنالوجی پر تحقیق کی جارہی ہے اور یہ اعزاز آئی بی اے کے حصہ میں آیا ہے کہ آئی بی اے پاکستان کا واحد ادارہ ہے جہاں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائیگی اور مارکیٹ کے لیے ریسرچ ہوگی۔