دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بعد اوپنر امام الحق نے بھی ون ڈے رینکنگ میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کےجو روٹ ٹیسٹ کے نمبر ون جبکہ ون ڈے اور ٹی20 میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے مارنوس لابوشین ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسری اور پاکستان کے کپتان بابراعظم کا چوتھا نمبر ہے۔
بولرز کی درجہ بندی میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا پہلا، بھارتی اسپنر ایشون دوسرے، بمرا تیسرے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجے چھلانگ مار کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ون ڈے رینکنگ میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن چھین لی ہے جبکہ بولرز کی رینکنگ میں ٹرینٹ بولت بدستور پہلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا چوتھا نمبر برقرار ہے۔
