اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر خورشید شاہ کی ملاقات، ملک کی سیاسی صورتِ حال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تینوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اتحادی حکومت بجلی بحران سمیت تمام مسائل جلد خوش اسلوبی سے حل کر لے گی۔
جمعہ کے روز پیپلزپارٹی کے وفد نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ملاقات کی، پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر سید خورشید شاہ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتِ حال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملک میں بجلی کے بحران، سندھ اور بلوچستان کو پانی کی کم فراہمی پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر تینوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جلد بجلی کے بحران پر قابو پا لے گی۔ مولانا فضل الرحمن، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ نے واضح کیا کہ موجودہ اتحادی حکومت جلد حل طلب معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لے گی۔

