ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

‘افغانستان کے ایک شخص کو عمران خان کے قتل کی سپاری دیدی گئی’

سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قتل کی سازش تیار کر لی گئی ہے۔ افغانستان میں رہنے والے ایک شخص کو اس کام کی سپاری دیدی گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ اطلاع ہے کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں موجود کوچی نامی دہشت گرد کو تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو قتل کرنے کی سپاری دی ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے سیالکوٹ میں عوامی جلسے میں کہا کہ مجھے جان سے مار دینے کی سازش تیار کی جارہی ہے اس لیے میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرا کے محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی جانب سے حالیہ بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر قتل کی سازش سے متعلق بیان یا کوئی شواہد ہیں تو حکومت انکوائری کے لیے تیار ہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا تھا کہ بند کمروں میں عمران خان کے قتل کی سازش بنائی گئی ہے۔ ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ غیر سرکاری حلقوں کا کہنا ہے رات کے وقت عمران خان کے گھر دھاوا بولا جائیگا، اور اس دوران ان کی جان لینے کا خدشہ ہے۔ ادارے عمران خان کی جان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے عوام، اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اونچی دیواروں اور بند کمروں کے پیچھے ان کی قتل کی سازش ہو رہی ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بنی گالہ کے اطراف کچھ لوگ دیکھے گئے۔

اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ عمران خان کی قتل کی سازش سے متعلق بات پر یقین نہیں کرتا۔ یہ شعبدہ بازی ہے، پہلے کیوں نہیں بولے اب ان کو یہ سارے خیال آرہے ہیں۔ ساڑھے تین سال حکمران رہے کچھ تو میچورٹی آنی چاہیے تھی۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں