چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون میں اہم کردار ادا کرنے پر کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور جدہ میں سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتیں کیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مملکت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں۔
ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، مملکت کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں اس کے منفرد اور نمایاں مقام کو تسلیم کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے مشترکہ تربیت، فضائی دفاع، انسداد دہشت گردی، مواصلات اور معلومات کے شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے خطے میں مسلم امہ کے اتحاد کے داعی اور اس بڑی ذمہ داری کے اہم کردار کے طور پر پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبات کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
#فيديو_واس | تنفيذاً لأمر #خادم_الحرمين_الشريفين، سمو #ولي_العهد يقلد قائد جيش #باكستان وسام الملك عبدالعزيز من الدرجة الممتازة، تقديرا لجهوده المميزة في توطيد وتعزيز أواصر الصداقة والتعاون المشترك وتطوير العلاقات السعودية الباكستانية.#واس pic.twitter.com/UnDtNdM9ph
— واس الأخبار الملكية (@spagov) June 26, 2022
