English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چشمہ شفاء۔45

القمر

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے "امتحانات کے دوران بچوں میں ذہنی دباو اور اس کا گھریلو علاج”۔

 

امتحانات کے دور میں کی جانے والے سب سے بڑی غلطیوں میں سے ایک بہت زیادہ مقدار میں چائے کافی اور ایسڈ والے مشروبات کا استعمال  کر کے دل کی دھڑکن کو تیز کرنا اور لمبے عرصے تک بے خواب رہنا ہے۔ دل کی دھڑکن میں تیزی اور بے خوابی  لا محالہ خوف، بے چینی اور اندیشوں کا سبب بنتی ہے۔ لہٰذا بہتر ہے کہ ان  مشروبات کی جگہ وٹامن سی  سے مالا مال ثمر گلاب،  ڈیزی، ساج  اور بِل بیری جیسی بوٹیوں کی چائے استعمال کی جائے۔ یہ مشروبات چائے، کافی اور کولا جیسے ایسڈک مشروبات کے مقابلے میں نہ صرف مفید ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ذہنی دباو کو کم کرنے اور توجہ کو زیادہ لمبے عرصے تک مرکوز رکھنے میں بھی مددگار  ثابت ہوتے ہیں۔

امتحانات کے دنوں میں خشک میوہ جات مثلاً خشک خوبانی، خشک آلو بخارہ ، کشمش اور خشک انجیر  وغیرہ سے استفادہ بھی بہتر نتائج دے گا۔

 

امتحان سے قبل، امتحان کی صبح اور امتحان کے دوران کھانے پینے کے بارے میں تجاویز:

  • ذہنی دباو کو کم کرنے کے لئے پھلوں کا استعمال کریں۔ اگر کھانے کی جگہ پھلوں کے استعمال کی عادت نہ ہو تو دن میں 3 عدد تازہ پھلوں کو ضرور  استعمال کریں۔ پھلوں میں شامل اینٹی آکسیڈنٹ مادے ذہنی دباو کو کم  کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔اس کے علاوہ پھلوں میں موجود وٹامن سی قوت مدافعت کو بھی بحال رکھے گا۔
  • امتحان سے قبل کسی ایسی چیز کا استعمال نہ کریں جو آپ نے پہلے کبھی نہ کھائی ہو۔
  • ممکن ہو تو باہر سے کھانا کھانے سے پرہیز کریں۔ گھر کی پکی، پسندیدہ اور کم تیل والی خوراک کو ترجیح دیں۔
  • امتحان سے ایک روز قبل مرغی یا ٹرکی  کا گوشت کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ مرغی کے گوشت میں شامل مادے نیند لانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
  • خون میں شکر کی مقدار کو توازن میں رکھنے اور کامیابی کی شرح میں اضافہ کرنے کے لئے چاکلیٹ، ڈبے کا جوس اور اس نوعیت کی خون میں شکر کی مقدار کو تیزی سے بڑھانے والی چیزوں کے استعمال سے پرہیز کریں ان کی جگہ خون میں شکر کی مقدار کو آہستہ  آہستہ بلند کرنے والے تازہ پھلوں، ہول ویٹ  روٹی، دودھ اور دودھ کی مصنوعات کا استعمال کریں۔
  • امتحانات سے ایک روز قبل بہت زیادہ تیل والی، روغنی اور مقّوی  غذاوں کی جگہ پروٹین، کاربو ہائیڈریٹ اور  کم روغنی ہلکی پھلکی غذاوں کا استعمال کریں۔
  • صبح ناشتے میں ایسی متوازن چیزیں استعمال کریں جو خون میں شکر کی مقدار کو نہ تو  چڑھائیں اور نہ ہی گرائیں۔

 

یوں تو ناشتہ ہمیشہ ہی روزمرّہ خوراک میں نہایت اہمیت کا حامل ہے لیکن امتحانات کی صبح خاص طور پر توجہ طلب خوراک ہے۔ امتحانات کے دنوں میں ناشتے کو، انڈے، ہول ویٹ روٹی، زیتون، پنیر،  ٹماٹر، کھیرا، تازہ دھنیا اور دیگر سبز پتّے، جئی کے دلیے،  فندق، اخروٹ، بادام، دودھ یا پھر تازہ پھلوں کے رس جیسی چیزوں سے منتخب کیا جانا چاہیے۔

 

  • کمرہ امتحان میں جانے سے قبل بہت زیادہ میٹھی چیزوں کے استعمال سے پرہیز کریں۔ خون میں شکر کی سطح کو برقرار رکھنے کے لئے ہول ویٹ بریڈ کے سینڈوچ، ہول ویٹ آٹے کے بسکٹ، ڈبے کے دودھ  اور پانی جیسی چیزوں کا استعمال کریں۔
  • ذہنی کارکردگی میں اضافے کے لئے ہفتے میں کم از کم 2 دفعہ  مچھلی  کا استعمال کریں۔ مچھلی توجہ میں اضافہ کرتی ہے۔ ہفتہ بھر شام کے کھانے میں اوون میں پکی کم تیل والی مچھلی کا استعمال توجہ میں اضافہ کرنے میں مدد دے گا۔ مچھلی اومیگا3  اجزا کی وجہ سے ذہنی افعال  میں بہتری لاتی ہے۔

 

اگرچہ ذہنی افعال میں پائیدار بہتری کے لئے ایک لمبے عرصے تک مچھلی کا استعمال ضروری ہے لیکن امتحانات سے مختصر مدت قبل بھی مچھلی کا استعمال مفید ثابت ہو گا۔ مچھلی کے ساتھ سبز پتّوں کے  بکثرت استعمال سے بنایا گیا سلاد وٹامن سی کی یومیہ ضرورت کو پورا کرے گا۔

 

  • فولاد  ذہنی افعال میں تیزی لاتا، توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دیتا  اور سوچنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ لہٰذا انڈہ،  بڑاگوشت،  چھوٹا گوشت اور کلیجی جیسی غذاوں کا استعمال کیا جائے۔ فولاد کے تیزی سے خون کا حصہ بننے کے لئے اسے وٹامن سی کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔ مثلاً   فولاد والی غذاوں کے ساتھ تازہ سلاد  استعمال کیا جائے تو بہتر ہو گا۔
  • وٹامن بی، ذہنی تھکن اور ذہنی دباو کا سدّباب کرتا  ہے۔ وٹامن بی کو روٹی، خشک پھلیوں اور لوبیا جیسی غذاوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
  • ویجیٹیبل  آئل اور تیل والے بیجوں سے وٹامن ای حاصل کیا جا سکتا ہے۔
  • دودھ، انناس اور دہی جیسی غذائیں خوشی کے ہارمون پیدا کرتی ہیں لہٰذا ان کے استعمال کی طرف توجہ دی جائے۔
  • امتحانات کے دوران زیادہ روغنی اور زیادہ نمکین غذاوں کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ  پیاس میں اضافہ کریں گی۔   ان کی جگہ تازہ پھلوں کے رس  اور سادہ پانی کا استعمال  کریں۔  یہ نہ صرف جسم میں پانی کی کمی کو پورا کریں گے بلکہ توجہ  کو منتشر ہونے سے بھی بچائیں گے۔
  • اگر قبض کی شکایت نہ ہو تو امتحان دینے والے  کو ہر روز ایک کیلا کھلائیں۔ کیلا نہ صرف خوشی کے ہارمونز پیدا کرتا ہے بلکہ پوٹاشئیم سے مالا مال ہونے کی وجہ سے توجہ میں انتشار کا بھی سدّباب کرتا ہے۔
  • امتحانات کے دوران اچھی نیند لیں۔ اس کے لئے 500 ملی لیٹر گرم پانی میں ایک پیکٹ ڈیزی  کی چائے+ ایک پیکٹ  لیمن بام چائے+ ایک پیکٹ دارچینی اور لونگ کی چائے  کو ملائیں اور سونے سے ایک یا دو گھنٹے پہلے بچے کو اس چائے کا ایک کپ پلائیں۔ یہ چائے نہ صرف بہتر نیند لائے گی بلکہ ذہنی دباو کو بھی کم ترین سطح پر لے آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے