اسلام آباد: قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی واقع ہوئی اور مثبت کیسز کی شرح 2.73 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
این آئی ایچ کے جاری کردہ عداد شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 18 ہزار 385 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 502 مثبت کیسز ریکارڈ ہوئے۔
این آئی ایچ نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے 145 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ مزید ایک مریض انتقال کرگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں کورونا کی شرح میں معمولی اضافہ ہونے لگا تھا جب کہ کراچی میں یہ رفتار تیز تھی۔ این سی او سی نے بڑھتے کیسز کے تناظر میں نئی ایس او پیز جاری کی تھیں، جن کے مطابق تمام عوامی مقامات میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا تھا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر صحت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصاً ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔