مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کی گئی بلا ٹل چکی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فتنہ خان کی وجہ سے کیا تھا مگر اب تمام مشکل فیصلے ہوچکے، اب اچھا وقت آئے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔
گزشتہ روزچیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں، یہی عوامی حکمرانی ہوتی ہے کہ جیسے ہی عالمی منڈیوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے عوام کو ریلیف دوں گا،
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مہنگائی ہوئی تو ہم گھروں میں چھپ کر نہیں بیٹھے مگر نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنی بیٹی کو بھیجا کہ عوام کو بتاؤ کہ ہم نے یہ مشکل فیصلے کیے مگر اب ہم عوام کی تکالیف دور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر پہلے فتنہ خان بھی یہاں آیا تھا مگر مجھے پتا چلا کہ چیچہ وطنی نے فتنہ خان کو رجیکٹ کردیا ہے لیکن یہ کمال منافق شخص ہے جس کے روز میڈیا پر اعمال نامے کھلتے ہیں، اس کی کرپشن کے قصے کھلتے ہیں مگر مجال ہے کہ کبھی مڑ کر اس نے جواب دیا ہو۔
