جھنگ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت منتخب حکومت گرانے والے غدار، قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔
17 جولائی کو لوٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے، دھاندلی کی کوشش کے باوجود مخالفین کو شکست دیں گے۔ 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا،ہم نے ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ لوگ یاد رکھیں گے۔ جنگ حقیقی آزادی کی ہے،بدقسمتی سے ملک میں ایمانداری سے چلنے نہیں دیا جاتا، ساری قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھنگ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث پہنچنے میں تاخیر ہوئی جس پر معذرت چاہتا ہوں، یہاں اس لیے آیا ہوں کیونکہ ہمارا نمائندہ لوٹا ہوگیا ہے، بچے بھی جان چکے ہیں کہ لوٹا کون ہوتا ہے، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام غیرت مند ہیں، لوٹا صرف وہ نہیں جو غسل خانے میں استعمال ہوتا ہے، ضمیر کا سودا کرنے والا بھی لوٹا ہوتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتے اور نہ ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔ ہمارا ملک عظیم ملک نہیں بن سکا، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، لوٹے وہ لوگ ہیں جو پیسے لے کر عوام کے ووٹ بیچتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے آئین کے خلاف جاتے ہیں، لوٹے ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں، سازش کے ذریعے منتخب حکومت گرائی گئی۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ہم نے الیکشن جیت کر ملک کو امریکا کے غلاموں سے بچانا ہے، یہ لوگ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرتے ہیں، ہم اپنے پولنگ ایجنٹس کو بتا رہے ہیں کہ یہ کن طریقوں سے دھاندلی کرتے ہیں، سارا وقت اس پر لگ رہا ہے کہ دھاندلی کیسے روکی جائے۔
عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے زندگی میں کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی۔ نواز شریف کرکٹ میں بھی اپنے امپائر کھڑے کرتا تھا، نواز شریف نے اقتدار میں آکر کرپشن کی، نواز شریف نے اقتدار میں آکر 18 فیکٹریاں بنائیں۔ ہمارا مقابلہ شریف خاندان، لوٹوں اور الیکشن کمیشن سے ہے۔
چیف الیکشن کمشنر خفیہ طور پر حمزہ اور مریم سے ملتا رہا ہے، لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، مسٹر ایکس نے مسٹر وائے کو ملتان بھجوایا ہوا ہے، ہم نے ان کے امپائروں کے باوجود یہ میچ جیتنا ہے۔
