کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل کی جائے۔
مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا لانگو کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،کوئی متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا لانگو نے ملاقات کی، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں حالیہ بارشوں کی صورتحال اور امداد و بحالی کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے کو متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔
عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ علاقہ اور متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔
وزیر اعلی بلوچستان نے ہدایت دی کہ پی ڈی ایم انتظامیہ متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط قائم کیے جائیں۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ضرورت ہے۔
مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا لانگو نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔