کراچی/اسلام آباد/لاہور: ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے موقع پر محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند ہے۔
شہر قائد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے روز جلوسوں نکالے جائیں گے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں خصوصا حساس شہروں اور علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

