English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر پولیس کا چھاپہ، اہلیہ مبینہ طور پر گرفتار

القمر

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ کے گھر رات گئے چھاپہ مار کر اس کی اہلیہ کو مبینہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اس اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ رات کو شہباز گل کے اسسٹنٹ اور ڈرائیور اظہار کے گھر پر چھاپا مارا گیا۔ اظہار کی بیوی کو اٹھا کر لے گئے لیکن اسے کہاں رکھا گیا ہے؟ اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔

فیصل چودھری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ تھوڑی دیر بعد ہائیکورٹ میں اظہار کی بیوی کے اغوا کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپہ مار کر گرفتاری کے عمل کو قانون کے مطابق قرار دیدیا ہے۔

اس معاملے پر اسلام آباد پولیس کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی۔ البتہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کررہی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی قانونی کاروائی کی ضرورت پڑی پولیس اپنا کام کرے گی۔ کیس کا دائرہ کار اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جا سکتا ہے۔ جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔

ٹویٹر بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے