شارجہ:پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز کافی سنسنی خیز ہو رہے ہیں جس سے ہارٹ اٹیک کے کافی چانسز ہیں۔
پاکستان کی افغانستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے فتح کے بعد قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان پریس کانفرنس کے لیے آئے تو ایک صحافی نے میچ کی سنسنی خیزی کے حوالے سے سوال کیا۔
شاداب خان نے جواب میں کہا کہ ایشیا کپ کا صرف یہ میچ نہیں بلکہ سارے میچز ہی سنسنی خیز ہو رہے ہیں، میں ابھی افغانستان کے کپتان محمد نبی سے یہی بات کر رہا تھا کہ ہم میچ دیکھنے والے لوگوں پر بہت ظلم کر رہے ہیں کہ اتنی سنسنی خیزی میں ہارٹ اٹیک کے کافی چانسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میچز میرے لیے کھیلنا آسان ہے لیکن میں دیکھ نہیں سکتا، ہمیں اعتماد تھا کہ آخری اوور پورا کھیل گئے تو جیت جائیں گے اور ایسا ہی ہوا، ہماری بیٹنگ میں کافی گہرائی ہے جب کہ منیجمنٹ بولرز کو بھی نیٹ میں بیٹنگ پریکٹس کراتی ہے، جس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے ہے۔
