سجاول: سجاول ضلع بھرمیں سوئی گیس کے کم پریشرکے مصنوعی بحران سے ضلع بھرکے صارفین شدید پریشانی کا شکارہیں۔
ضلع سجاول کے مختلف شہروں سجاول، جاتی، چوہڑجمالی، بٹھورو، دڑو، سمیت تمام علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشرکا مصنوعی بحران پیدا کیاگیاہے، جس سے کھانے پینے کے اوقات میں صارفین کھاناپکانے سے لاچارہیں اور ہنگامی بنیادوں پر بازاروں سے مضرصحت اور مہنگی کھانے پینے کی اشیاء لیکر گذارہ کرنے پر مجبورہیں۔
ایک ہفتے سے جاری اس مصنوعی بحران کے متعلق مقامی سوئی گیس عملے کا کہناہے کہ اوپرسے پریشر کم ہے، جس سے نہ صرف گھریلوصارفین پریشانی کا شکارہیں بلکہ شہروں میں سی این جی اسٹیشن بھی بندکردئے گئے ہیں۔
ادھر صارفین کا کہناہے کہ ٹھٹھہ میں لگے وال سے سجاول کی لائن میں پریشر کم کردیاجاتاہے، اس سے قبل بھی متعدد بار یہ حرکت کی گئی ہے تاہم عملے کے خلاف کاروائی نہ ہونے پر یہ روش برقرار ہے، سجاول ضلع میں گیس پریشر کم ہونے سے صارفین کو معاشی نقصان اور پریشانی کا سامنہ ہے جبکہ سی این جی بندہونے سے کئی گاڑیاں بند ہوگئی ہیں اور کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کیاگیاہے۔
صارفین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ٹھٹھہ میں سجاول ضلع کا گیس پریشر کم کئے جانے کا نوٹس لیکر گیس کی فراہمی کا نظام درست کیاجائے۔
