کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس سیلاب سے نمٹنے اور پانی کو نکالنے کے لیے کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ بارش کو ہوئے نصف ماہ سے زیادہ عرصہ گزر گیا مگر سیلاب زدگان لاوارث اور حکمران جماعتیں تمام تر وسائل پر قابض ہیں۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں کے گھروں و گوداموں میں عدالتی چھاپوں کے دوران سیلاب متاثرین کا چھپایا گیا سامان برآمد ہونا شرمناک عمل ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا یہ دعویٰ کہ سیلاب متاثرین کو یومیہ 50 ہزار راشن بیگ پہنچائے جا رہے ہیں وہ کہیں نظر نہیں آتے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار انسانیت کی خدمت اور رب کی رضا کے لیے دن رات متاثرین کی ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
محمد حسین محنتی کا مزید کہنا تھاکہ عالمی منڈی میں پٹرول اور پام آئل تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود پاکستان کے مفاد پرست حکمران کم نہیں کر رہے۔ ظلم و نا انصافیوں کے مارے عوام کو کوئی ریلیف اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی بجائے ان کی ترجیح و دلچسپی کرپشن کے کیسز ختم کرانا اور بیرونی امداد میں ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ایسے نااہل و بے حس حکمرانوں سے کسی خیر کی امید عبس ہے۔ اس لیے عوام آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں سے ووٹ کی پرچی سے انتقام لیکر مخلص و دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں جو ان کے مسائل حل اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کریں۔
