چارسدہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے جلد کال دوں گا، اگر پرامن انقلاب کا دروازہ روکا تو پھر کھیل سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا پھرملک کونقصان ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسے کسی فرد کو وزیر نہیں بناوں گا جس کی جائیداد اور پیسہ بیرون ملک ہوگا، ووٹ کے ذریعے پرامن انقلاب آنے دو، مجھے خوف ہے اگر پرامن انقلاب کا دروازہ روکا تو پھر کھیل سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا پھرملک کونقصان ہوگا۔ چوروں کی وجہ سے ملک دلدل میں ڈوبتا جا رہا ہے، دلدل سے نکلنے کا صرف ایک راستہ صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔
ان کاکہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے اتوار کو ایک مرتبہ پھر ٹیلی تھون کروں گا۔ مزید پیسے اکٹھے کروں گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ چارسدہ والو ! آپ نے میرے ساتھ حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے، جب کال دوں گا آپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے، ہمیں لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مطلب کوسمجھنا ہو گا، ہمیں اپنے نبی کی سیرت کے مطابق چلنا ہوگا، ہم نے کسی سپر پاور کی غلامی نہیں کرنی،ہم کسی کے خوف میں آکران کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی،امریکا کی جنگ میں شرکت کرکے80 ہزارپاکستانیوں کی قربانی دی،ہم نے ملک کی فارن پالیسی کو آزاد بنانا ہے،نبی کی سنت پرچلنے والے خوف کا بت توڑ دیتے ہیں،جوخوف کے بت پرقابونہ پائے وہ بڑا انسان نہیں بن سکتا۔
