کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں پر کرپشن کے ریفرنسز کو ختم کرکے احتساب کا جنازہ نکال دیا گیا ہے،حکمران اتحاد کا اقتدار میں آنے کا مقصد پورا ہوچکا، کپڑے بیچ کر عوام کو ریلیف دینے کی بھڑکیں مارنے والوں کے دور میں آٹا135روپے ہوچکا ہے جس سے عوام دووقت کی روٹی کیلئے بھی ترس گئے ہیں۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ ہر شہر اور قصبے سے عوام دل کھول کر عطیات،راشن،کپڑوں سمیت دیگر ضروری اشیاء اور نقدامداد دے رہے ہیں جسے جماعت اسلامی اور الخدمت پر امانت،دیانت اور خدمت کے تصدیق کی مہر ثبت کردی ہے۔ سیلاب اور بارش سے متاثرہ اپنے بھائیوں کے ساتھ پوری قوم دکھ کی گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب اور بارش سے متاثرین کی امداد کیلئے 70ارب روپے کی امداد کا اعلان محض کاغذات تک محدود ہے، اسطرح کی مشکلات زندہ قوموں کیلئے ایک آزمائش ہوتی ہیں اللہ کو راضی کرنے کیلئے پوری قوم کو رجوع الی اللہ اور توبہ واستغفار کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت اپنی بساط کے مطابق قوم کی خدمت کررہی ہے لیکن جن کے پاس وسائل اور حکومت ہے وہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کرنے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے مصیبت زدہ لوگوں کے نام پر ملکی اور بیرونی امداد کو بھی اپنے گداموں اور اوطاقوں میں ذخیرہ کررہے ہیں اسلئے عوام کو چاہئے کہ اب اچھے اور نیک لوگوں کو ووٹ دیکر اقتدار تک پہنچائیں تاکہ ملکی وسائل حقیقی معنوں میں قوم پر خرچ ہوسکیں۔
