نئی دہلی: جرمنی کی وزیر خارجہ اور پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کے حق میں آواز اٹھائی جو جارحیت پسند بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی اور مودی سرکاری بلبلا اٹھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مودی سرکار کو امریکی سفیر ڈونالڈو بلوم اور جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیئرباک کا کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی حمایت ایک آنکھ نہ بھائی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی سفیر کے آزاد کشمیر کے الفاظ استعمال کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کو اس حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
اسی طرح جرمنی کی وزیر خارجہ کو جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کے راگ الاپتے ہوئے کہا کہ جرمنی دوسرے ملک میں دراندازی کرنے والوں کی بھی مذمت کرے۔
یاد رہے کہ جرمنی وزیر خارجہ اینالینا بیئرباک نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرس میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔
