لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ درحقیقت بھتہ ہے جو زبردستی عوام کی جیبوں سے نکلوایا جاتا ہے جب تک پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا اس وقت تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔
محمد جاوید قصوری نے کہاکہ ایک طرف پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور تباہ کاریاں جاری ہیں، عوام بد حال اور انتہائی کسمپرسی کا شکار ہیں، لوگوں کے جان و مال سب کچھ سیلاب میں بہہ گیا ہے مگر دوسری جانب حکمران صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال کے دوران 2لاکھ 86ہزار افراد بیرون ممالک کا رخ کرگئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔ ملک میں 7کروڑ 92لاکھ افراد نا مساعد حالات کی وجہ سے ذہنی دباو کا شکار ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ظالم حکمرانوں کو عوام کا احسا س ہی ختم ہو چکا ہے۔ ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ،تینوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔
