یوکرین صدارتی دفتر کے سربراہ ‘اینڈرے یرمک’ نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں 108 یوکرینی عورتوں کو رہا کروا لیا گیا ہے۔ رہا کی جانے والی عورتوں کی اکثریت فوجی ہے۔
اینڈرے یرمک نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں "108 عورتوں کو قید سے چھُڑا لیا گیا” کے الفاظ استعمال کئے ہیں۔
انہوں نے قیدیوں کے تبادلے کے لئے کوششیں کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ رہا کروائی گئی عورتوں میں سے 37 ‘آزووسٹال فیکٹری’ میں لڑنے والی فوجی اور 12 عورتیں عام شہری ہیں۔
روس وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں بھی، یوکرین کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں، 72 میرینروں سمیت 110 روسی شہریوں کو رہا کروانے کی اطلاع دی گئی ہے ۔
بیان کے مطابق رہا کئے گئے روسیوں کو وزارت دفاع کے طیاروں کے ساتھ دارالحکومت ماسکو پہنچا دیا گیا اور ضروری طبّی و نفسیاتی تعاون فراہم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان 11 اکتوبر کو کئے گئے قیدیوں کے تبادلے میں 32 یوکرینی فوجیوں کو رہا کیا گیا اور جنگ میں ہلاک ہونے والے 62 افراد کی لاشیں بھی کیف انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی تھیں۔
