English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چشمہ شفاء۔09

القمر

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام "چشمہ شفاء” کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس پہلو پر بات کریں گے وہ  ہے "گردوں کی صحت کے لئے مفید غذائیں”۔

گردوں کے صحت مند شکل میں کام کرتے رہنے کے لئے ہماری تجاویز نوٹ فرما لیں۔

 

1۔ پارسلے

پارسلے کو کھانوں میں پکانے کی بجائے کچّا  استعمال کیا جانا چاہیے۔ یہ سبزی جسم میں پانی کی سطح کو توازن میں رکھتی ہے۔ پارسلے کے اوپر لیموں چھڑک کر صبح ناشتے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

2۔  بند گوبھی

بند گوبھی، گردوں کے لئے شدید نقصان دہ  ‘فری ریڈیکلز’ کو توڑ کر گردوں کو صحتمند رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

 

3۔ سُرخ اور جامنی رنگ کے پھل

اسٹرابیری، کرین بیری، رس بیری اور  بِل بیری جیسے مختلف نوعیت کے پھل گردوں کی صحت کے حوالے سے نہایت مفید غذائیں  ہیں۔ ان پھلوں کو جمی ہوئی، تازہ یا پھر خشک کسی بھی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

4۔ کدو کا مغز

کدو کے مغز میں فولاد اور زنک وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ بیج جسم میں اومیگا۔3 کے اثرات بھی ظاہر کرتے ہیں۔ کدو کے بیجوں کو بھُنی ہوئی شکل میں یا پھر کچّا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

5۔ مچھلی

مچھلی میں شامل اومیگا۔3 جسم میں التہاب کی سطح کو کم کر کے گردوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں مچھلی اعلیٰ معیار کے پروٹین کا بھی ذخیرہ ہے۔  گردوں کے مسائل پر قابو پانے کے لئے تیل میں تلی ہوئی مچھلی کی جگہ بھاپ میں پکی ہوئی یا کوئلوں پر بھونی ہوئی شکل میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

 

6۔ سُرخ سیب

اپنے اندر موجود پوسے کی بلند مقدار کی وجہ سے خاص طور پر گردوں کی تقطیر یعنی چھاننے کی صلاحیت  کے صحتمندانہ دوام  کو یقینی بناتا ہے۔ علاوہ ازیں سُرخ سیب پیشاب کے راستے کے التہاب کو کم کر کے گردے کی پتھری  کو گرانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

 

7۔ آلو بخارہ

آلو بخارہ   وٹامن اے، بی اور سی  سے مالا مال پھل ہے اور جسم کو فولاد جذب کرنے میں مدد دیتا  ہے۔ آلو بخارہ گردوں سمیت دل اور کولیسٹرول کی بیماریوں میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ پھل ہے اور نظام ہضم کو تیز کرتا ہے۔

 

8۔ چاول

چاول اور نرم کھچڑی  گردوں کی بیماری کی وجہ سے ضائع شدہ کیلوریز کی بحالی، بیماری کی شدت میں کمی  اور معیارِ زندگی میں بلندی کے حوالے سے نہایت اہم غذا ہے۔

 

9۔ حلوہ کدو

حلوہ کدو کو تازہ  حالت میں کدو کش کر کے سلاد کی شکل میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

 

10۔ انڈے کی سفیدی

فوسفور کی کم مقدار اور اعلیٰ معیار کے پروٹین کی وجہ سے گردوں کے مریضوں کو انڈے کی سفیدی کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ انڈے کی سفیدی کو آملیٹ بنا کر یا پھر بغیر  زردی کے اُبال  کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

11۔ بِچھو بوٹی

بچھو بوٹی کی چائے پیشاب آور ہے اور جسم سے فاسد مادے خارج کر کے گردوں کی صحتمندانہ فعالیت میں مدد دیتی ہے۔ اس چائے کا دن میں ایک کپ  استعمال کافی ہو گا۔

 

12۔ زیتون کا تیل

زیتون کا تیل گردوں کے لئے نہایت مفید  غذا ہے۔  ایکسٹرا ورجین زیتون کا تیل نارمل زیتون کے تیل کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹ کا حامل ہوتا ہے۔

 

13۔ لہسن

ہر روز لہسن کی  ایک یا دو  ترئیاں کچی نگلنے سے جسم میں موجود التہاب بڑے پیمانے پر ختم ہو جاتا ہے۔ کھانوں میں لذّت اور خوشبو  کے لئے اور صحت کے حوالے سے اس میں موجود فوائد سے استفادے کے لئے لہسن کو  تازہ شکل میں کھانوں میں ڈال کر، ٹِن پیک شکل میں ، کاٹ کر یا پھر سفوف کی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

14۔ پیاز

پیاز گردوں کی صفائی کرنے والے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹوں سے مالا مال سبزی ہے۔ اسی خصوصیت کی وجہ سے پیاز گردوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے۔ اسے کچا یا پھر کھانوں میں پکا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کچا پیاز گردے کی پتھری کے قدرتی علاج میں مدد دیتا ہے۔

 

15۔دہی

دہی کیلشئیم، وٹامن ڈی اور پروبائیوٹک سے مالا مال غذا ہے ۔ اس کا سادہ شکل میں استعمال گردوں کو صاف کرتا اور صحتمند رکھتا ہے۔ گھر کے بنے دہی کو دن میں چند دفعہ کھانوں کے درمیانی وقفے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

16۔ سُرخ رنگ کی موٹی مرچ

سُرخ رنگ کی موٹی مرچ خون میں ٹاکسک مادوں کو توڑنے میں مدد دے کر گردوں کو صحت مند رکھتی ہے۔  اسے کچا، پکا کر یا بھر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

17۔ لیموں کا رس

پانی میں لیموں کا رس مِلا کر پینا گردے کی پتھری کے مریضوں کو سب سے زیادہ تجویز کیا جانے والا طریقہ ہے۔ ایک گلاس نیم گرم پانی میں آدھا لیموں نچوڑ کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس پانی میں شہد بھی مِلایا جا سکتا ہے۔

 

18۔ پھول گوبھی

پھول گوبھی اینٹی آکسیڈنٹ سبزی ہے۔ اس کا متواتر  استعمال خون میں لوتھڑے بننے کا سدّباب کرتا، التہاب کو کم کرتا اور کولیسٹرول کو گِراتا ہے۔ پھول گوبھی کو کچا، بھاپ میں ، اُبال کر، بھون کر، تل کے یا پھر اوون میں پکا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

19۔ کلونجی کا تیل

ہر روز صبح اور شام کے وقت ایک ایک چائے کا چمچ  کلونجی کا تیل استعمال کریں یہ گردوں کے متعدد مسائل کا ایک موئثر  حل ہے۔

 

 

 

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے