پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید خان سمیت متعدد افراد "حقیقی آزادی مارچ ” کے مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم نو افراد زخمی ہوگئے۔
پنجاب کے شہر وزیر آباد میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کے استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ موقع پر موجود حفاظتی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ فیصل جاوید کو گولی لگی ہے اور احمد چٹھہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعےکی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سےفوری رپورٹ طلب کرنےکی ہدایت کی ہے۔
عمران خان پر فائرنگ کے واقعے میں وزیراعظم نے اپنی پریس کانفرنس منسوخ کردی ہے۔
