وزیراعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو شرم الشیخ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کی 27ویں کانفرنس (کوپ 27) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹوئٹ کے مطابق شرم الشیخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مصر کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
قبل ازیں سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، کابینہ ارکین اور دیگر سینئر حکام بھی موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے روانہ ہونے سے قبل خبردار کیا کہ اگر ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے مہلک اثرات پر اپنی آنکھیں بند کیں تو یہ مجرمانہ عمل ہوگا۔
انہوں نے ’موسمیاتی انصاف‘ کا بھی مطالبہ کیا اور دنیا پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کی مالی مدد کریں تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرسکیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کا عمل ’قرضے، توانائی اور خوراک کی بڑھتی عالمی قیمیتں اور فنڈز تک عدم رسائی کے سبب متاثر ہوسکتا ہے۔
Prime Minister Shehbaz Sharif left for Egypt to participate in the "Sharm El-Sheikh Climate Implementation Summit” #COP27 #PMPakCOP27 pic.twitter.com/VwsYHNZR5j
— President PMLN (@president_pmln) November 6, 2022
