English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

‘عمران خان کی امانت انہیں واپس کر دی ہے’، ملاقات کی اندرونی کہانی

القمر

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی۔

آج سہ پہر پرویز الٰہی نے عمران خان سے ان کی زمان پارک لاہور کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد اپنی ٹوئٹ میں پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی ہے، عمران خان  نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے اور افواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔

اس حوالے سے مونس الٰہی کا کہنا تھاکہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

دوسری جانب وفاق میں حکمران جماعت ن لیگ نے عمران خان کے اعلان کا توڑ نکال لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر دستخط کر ہوگئے۔ تحریک آج ہی جمع کروائی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے 106 ارکان پنجاب اسمبلی رانا مشہود کے گھر اکٹھے ہوئے ۔ لیگی ارکان نے سپیکر  محمد سبطین خان، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلی پنجاب تینوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد  پر دستخط کر دیئے۔ تحاریک پر ن لیگ کے علاوہ پیپلزپارٹی کےارکان نے بھی پر دستخط کردئیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک آج ہی جمع کروائی جائے گی جس کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل کا معاملہ کھٹائی میں پڑ جائے گا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی بچانے کے لئے پی ڈی ایم اور پرویز الٰہی کے بیک ڈور رابطے بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی توڑنے کی تاریخ کے حوالے سے اعلان آج متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے