امریکہ کے صدر جو بائڈن نے دورہ اسرائیل کے بعد آج متوقع دورہ اردن ملتوی کر دیا ہے۔
انہوں نے غزّہ کے ہسپتال پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لئے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کے لئے عاجل شفاء کی تمّنا ظاہر کی ہے۔
وائٹ ہاوس سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق بائڈن نے اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے ساتھ مشاورت اور فلسطین کے صدر محمود عباس کی طرف سے اعلانِ سوگ کے بعد دورہ اردن ملتوی کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بائڈن ،اردن ، فلسطین اور مصر کے سربراہان کے ساتھ بالمشافہ ملاقات کے بے چینی سے منتظر ہیں اور اس دوران وہ مذکورہ سربراہان کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ صدر بائڈن کے دورہ اسرائیل کے بعد دروہ اردن اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات متوقع تھی۔
فلسطین کے صدر محمود عباس صدر بائڈن کے شرکت سے متوقع چہار فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے دارالحکومت عمان میں تھے لیکن غزّہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد انہوں نے رمّلہ واپسی کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بھی سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ "غزّہ کے الاہلِ بپٹسٹ ہسپتال پر حملے پر ہمیں شدید افسوس ہے”۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ شہریوں کے تحفظ کا دفاع کرتا ہے ۔ اسرائیلی بھی اور فلسطینی بھی تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ غزّہ کے الاہلِ بپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فلسطین کے صدر محمود عباس نے حملے کی وجہ سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔