غزہ: 37ویں روز بھی اسرائیلی جارحیت جاری ہے، صہیونی فوجیوں کی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی، اب تک غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 7100 بچے شہید ہوگئے،17,500 زخمی ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مسلسل 37ویں روز بھی غزہ کی پٹی میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور زیادہ تر بمباری اسپتالوں اور کھانے پینے کی اشیا کے اسٹورز پر مسلسل بمباری کررہاہے۔
غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ خان یونس میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 13 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔الجزیرہ کے مطابق خان یونس کے مشرقی حصے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ صہیونی فوجیوں کی مسلسل بمباری کی وجہ سے الشفا میڈیکل کمپلیکس نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، اسرائیلی فوجیوں نے الشفا میڈیکل کمپلیکس کو ایک کھلے جنگی علاقے میں تبدیل کر دیا ہے اور وہ کمپلیکس کے آس پاس کی ہر اس چیز کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم شفا کمپلیکس میں زخمیوں اور بیماروں کی جان بچانے والی کوئی بھی خدمت فراہم کرنے سے قاصر ہیں، مریضوں کے لیے نہ ہی دوائیں ہیں اور نہ ہی کھانے پینے کے لیے کوئی دوسرا سامان جس کی مدد سے مریضوں کی دیکھ بھال کی جائے۔