اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان ریلوے کا مین لائن ون (ایم ایل ۔ون) منصوبہ سی پیک کا ایک اہم حصہ ہے اور حکومت اس کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل یقینی بنائے گی، منصوبے کی تعمیر کے دوران ماحولیاتی اثرات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
نگراں وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں ریلوے کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے مین لائن ون منصوبے کی شروعات اور ریلوے کی اصلاحات نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مین لائن ون منصوبہ پاکستان میں مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ مین لائن ۔ون منصوبہ قومی نوعیت کا ایسا منصوبہ ہے جو ملک میں ٹرانسپورٹ شعبے میں انقلاب لائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ملک میں نئے روزگار کے مواقع اور سامان کی ترسیل کی لاگت انتہائی کم ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل سے سفری لاگت اور درکار وقت میں کمی ہوگی۔منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی بندرگاہوں کے نہ صرف ملک کے معاشی مراکز سے مواصلاتی روابط بہتر ہوں گے بلکہ سی پیک کے تحت خطے کے دوسرے ممالک کیلئے ٹرانزٹ روٹ کا مقصد بھی پورا ہوگا۔
