سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 36 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق مسافروں کو لے جانے والی بس خطرناک موڑ کاٹنے کے دوران 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 36 مسافر ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔
حادثہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق بس میں 55 سے زیادہ مسافر تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خوفناک حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، کیونک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے بس کی رفتار تیز تھی جسے ڈرائیور قابو میں نہیں رکھ سکا۔
تیز رفتاری کی وجہ سے بس حفاظتی جنگلہ توڑ کر 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ راستہ دشوار ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
