English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جاوید لطیف کا الیکشن سے قبل فیض آباد دھرنا کیس کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ

القمر

لاہور:مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے الیکشن سے قبل فیض آباد دھرنا کیس کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ آج فیض آباد دھرنے پر کمیشن بنا ہے، جتنا اختیار اسے دیا گیا ہے میری گزارش ہے کمیشن کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹائم فریم سے آگے نہ جائے تاکہ انتخابات صاف شفاف ہوسکیں، انتخابات سے پہلے پہلے کمیشن کی رپورٹ پبلک ہوجانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی چیئرمین پی ٹی آئی وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، جہاں 6،6گھنٹے بغیر گرفتاری کے ہمیں کھڑا کیا جاتا تھا وہاں ان کو کھڑا کریں، ان لوگوں نے پاکستان کا پیسہ لوٹ کر باہر شفٹ کیا، ان لوگوں نے پاکستان کو کیسے لوٹا،اس پر بات کرنے کو کوئی تیار نہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 2018کی طرح لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے، جس طرح ہمارے خلاف کیسز چلے کیا ان کے خلاف بھی چل رہے ہیں؟ کیا چیئرمین پی ٹی آئی نے صرف 190ملین پائونڈ کی کرپشن کی، البتہ ملک میں کوئی شخص ریاست سے بالاتر نہیں ہونا چاہئے۔

سابق وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ 4سال لوگوں کی ذہن سازی کی گئی تھی، لوگ پاکستان کے مفادات میں اپنا ووٹ ڈالیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے