English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کو غیر مستحکم کرنیوالوں سے ریاست مکمل طاقت سے نمٹے گی، پاک فوج

القمر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں سے ریاست مکمل طاقت سے نمٹے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جی ایچ کیو میں ہوا۔ کانفرنس میں مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذاتی مقاصد کے لیے ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر اور دشمن کے اشاروں پر کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور دیگر عناصر کے ساتھ ریاست مکمل طاقت سے نمٹنے گی۔

فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جاری جبر و استبداد پر تشویش کا اظہار اور بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ فورم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ مسئلہ کشمیر کا  دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی  حمایت کا عزم دہرایا اور مسئلہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا کہ  پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اورجس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب اور غیر یقینی صورتحال میں کمی، جبکہ امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے۔ فورم نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ  ان شا اللہ ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنے  والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور جاری شدہ مثبت اقدامات کے  تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ شکست دی جائے گی۔

فارمیشن کمانڈرز نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ  پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی، غیور پاکستانی عوام پرعزم اور متحد رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے