کراچی:اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں ایک ٹن 364 کلو منشیات برآمد کرکے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر کوئٹہ سے بھیجے گئے پارسل سے 7 کلو چرس برآمد ہوئی۔
علاوہ ازیں باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے ایک کلو 593 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ملزم پرواز نمبرQR-601 کے ذریعے قطر کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
ادھرلاہور میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ کے لیے بک کیے گئے پارسل سے 792گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
دریں اثنا موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 36 کلو افیون اور 28 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ٹرک سے 18 کلو افیون اور 12 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 4 کلو 800 گرام چرس اور ایک کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ وہاڑی چوک ملتان کے قریب ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں ایک کارروائی کے دوران مسافر بس میں سوار ملزم سے 970 گرام آئس برآمدہوئی۔
ادھر پشین کے علاقے کلی پانی کئی سے 520 کلو افیون 80 کلو ہیروئن اور 650 کلو چرس برآمد کرلی گئی، جو سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
