لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے سینٹرل کنٹریکٹ کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انہیں ڈی سے بی کیٹیگری میں کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ اپنی اس پالیسی کے تحت کیا ہے کہ اگر سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی جو اے یا بی کیٹیگری سے نیچے ہے اور وہ کپتان بنتا ہے تو اس کا کنٹریکٹ اس وقت تک بی کیٹیگری میں کر دیا جائے گا جب تک وہ کپتانی کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 34سالہ شان مسعود کو 15نومبر کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 25-2023تک کپتان بنائے گئے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے شان مسعود 30ٹیسٹ میچوں میں 1597رنز بنا چکے ہیں اور بحیثیت کپتان ان کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہے جو 14دسمبر سے شروع ہو رہی ہے،سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14سے 18دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ 26سے 30دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3سے 7جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
