ابوظبی: ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں بمباری پر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانا چاہیے۔
یو اے ای میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہونے والی عالمی کانفرنس کوپ 28 کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کا خاتمہ ہوتے ہی اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر ڈھایا جانے والا ظلم سنگین جنگی جرم ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور ایسا کرنے پر اس کے خلاف عالمی جنگی قوانین کے تحت مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔
صدر اِردوان نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ جنگوں اور بحرانوں میں امن کی آواز بلند کی ہے اور امن ہی کا ساتھ دیا ہی۔ غزہ کے معاملے میں بھی ہم اپنے اسی دو ٹوک مؤقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 16 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین و بچوں کی ہے۔ اسرائیل کی ان کارروائیوں کی کسی بھی طرح سے حمایت نہیں کی جا سکتی۔
