English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معذوروں کا عالمی دن: الخدمت کے تحت ‘باہمت افراد’ میں خصوصی تحائف تقسیم

القمر

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام معذور ،باہمت افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا ا نعقاد کیا گیا۔تقریبات  کا مقصد خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کا شعور اجاگر کرنا تھا۔

منصورہ لاہور میں منعقدہ پروقار تقریب میں 50 معذور افراد کو ویل چیئرز، 50 نابینا افراد کوچھڑیاں اور 150 سے زائد تحائف تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں حمزہ فاؤنڈیشن، رائزنگ سن، بلائنڈ ڈیلی ویجر یونین، رائٹ آف اسپیشل پرسن، روشنی فاؤنڈیشن اور فرینڈز آف پیرا فلیجک کے نمائندگان نے شرکت کی اور الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ذکراللہ مجاہد، ریجنل صدراکرام الحق سبحانی و دیگر ذمے داران نے خطاب کیا۔اس موقع پر معذورونابیناافراد کی فیملیزنے بھی شرکت کی جب کہ خصوصی طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

امیر العظیم نے کہا کہ ہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ ہم اپنے تمام مراکز خصوصی افراد کے لیے فرینڈلی بنائیں۔ یہ خصوصی لوگ ہماری ذمے داری ہیں، ان لوگوں کے حقوق ہم پر فرض ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 9کروڑ30لاکھ بچوں سمیت ایک  ارب 30 کروڑ افراد معذور  ہیں جو کہ دنیا کی کل آبادی کا 16 فیصد بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اس میں سے ایک بہت بڑی تعداد کو ویل چیئرکی سہولت میسر نہیں ہے۔ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں معذورافراد کی تعداد 70لاکھ سے زائد ہے اگرملک کے تمام معذورافراد کاڈیٹاجمع کیا جائے تویہ تعداد کروڑوں میں ہوگی جن میں اکثریت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتی ہے اور بنیادی علاج معالجے اور ویل چیئرز جیسی سہولیات سے محروم ہے۔

ذکراللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ معذور افراد کی مشکلات کم کرنے کے لیے الخدمت ہر سال سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہزاروں ویل چیئرز تقسیم کرتی ہے۔اس پروگرام کے تحت رواں سال الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں 7 ہزار ویل چیئرز تقسیم کیں جب کہ 2012 سے اب تک تقریباَ 37 ہزار سے زائد ویل چیئرز تقسیم کی جاچکی ہیں۔ معذورباہمت افراد کی حوصلہ افزائی ہم سب پر فرض ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن انکی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حقیقی معذور افراد کی نشاندہی اور ویل چیئرز کی فراہمی کے لیے ایک مکمل نظام وضع کیا گیا ہے۔ معذور افراد کی جانب سے موصول شدہ درخواستوں کی مقامی سطح پر جانچ پڑتال کے بعد ویل چیئرز فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ معذور افراد کے لیے اِن ڈور اسپورٹس فیسٹول بھی منعقد کیے جاتے ہیں،جس میں ہزاروں معذور افراد مختلف کھیلوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ ایسی تقریبات کے انعقاد سے جہاں کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے  وہیں معذور افراد میں سے احساسِ محرومی کو بڑی حد تک کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے