English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اہل غزہ و فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی:  وکلا برادری کاحافظ نعیم کی قیادت میں غزہ مارچ

القمر

کراچی: وکلا برادری کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت ودہشت گردی کے خلاف اور اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی بار ایسوسی ایشن آفس سے ایم اے جناح روڈ وکلا غزہ مارچ منعقد کیا گیا۔

مارچ کی قیادت امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی، اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر سلیم، کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ، عبد الصمد ایدوکیٹ،ڈپٹی پارلیمانی رکن قاضی صدر الدین، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

وکلا برادری نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا وہ غزہ کے مسلمانوں کی مدد ہمارا فرض ہے،حماس کے مجاہدوں کو سلام، I Stand with Al aqsa, Stop Genocide in Gaza, Where is UNO?۔مارچ میں وومن اسلامک لائرز فورم کی خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکا نے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور فلسطینی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔مارچ کے شرکا نے پوجوش نعرے لگائے جس میںFrom the river to the sea Palestine will be free. Free Free Palestine۔

حافظ نعیم الرحمن نے  وکلاء غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی بار ایسوسی ایشن پوری وکلاء برادری خراج تحسین کی مستحق ہے کہ انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی۔آج ہم وکلاء برادری کے ساتھ مل کر اسرائیل اور امریکا سمیت عالم اسلام کے حکمرانوں کی مذمت کے لیے بھی جمع ہوئے ہیں جو مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے آواز نہیں اٹھاتے اور صیہونی ایجنٹوں کا کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کا فلسطین کے حق میں احتجاج اس بات کی علامت ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی ناپاک ریاست کے قیام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اسرائیل 77سال سے اہل غزہ اورفلسطینی ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو شہید کررہا ہے، اسرائیل حماس کے مجاہدین سے تومقابلہ نہیں کرسکتا اس لیے فلسطینی بچوں اور عورتوں پر فضائی حملہ کر کے شہید کررہا ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ فلسطینی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر بمباری بند کراناعالم اسلام کے حکمرانوں اورافواج پر فرض ہے، اگر یہ لوگ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ نہیں دے سکتے تو ان کو اقتدار سے ہٹانا ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف تحریک جاری ہے،ایسے حکمران طبقے کے خلاف تحریک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جو غلامی کی زندگی بسر کرتے ہیں اور اپنی قوم کو بھی غلام بنانا چاہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت پوری وکلا برادری آج قائد اعظم ؒ کے فرمان کی حمایت کررہی ہے کہ اسرائیل ایک ناپاک اور ناجائز ریاست جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا،پاکستان بننے سے قبل بھی آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں بھی قرارداد منظور کی گئی کہ فلسطین صرف ایک ریاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود امریکا اور اسرائیل کے ایجنٹ دوریاستی حل کی بات کرتے ہیں،ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ کوئی دوریاستی حل نہیں،ریاست صرف اور صرف فلسطین کی ہے،اسرائیل نے زبردستی فلسطین پر تسلط قائم کیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیاجائے گا۔

عامر سلیم ایڈووکیٹ نے کہاکہ کراچی بار ایسویسی ایشن کے وکلا کا احتجاج اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے دل اہل غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم اہل غزہ اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں، ہم اسرائیل کی جانب سے جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے حکمرانوں سمیت تمام عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن نے سٹی کورٹ کی حدود میں تمام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان اور عالمی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر کے فلسطینیوں کا ساتھ دیا جائے۔

شاہدعلی خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ اسرائیل 77سال سے فلسطینی مسلمانوں کوشہید کررہا ہے اور امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے، حماس کے مجاہدین کی مزاحمت اور فلسطینی مسلمانوں کی استقامت سے فسلطین سے اسرائیلی تسلط ختم ہوکر رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے